اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل کی اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم ،معاہدے پر عملدرآمد پر زور

124

اقوام متحدہ۔27نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تشدد، تباہی اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش تکالیف ختم کر سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاہدے کے تحت کئے گئے اپنے تمام وعدوں کا مکمل احترام کریں اور ان پر تیزی سے عمل درآمد کریں۔

انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 (2006) پر مکمل عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر اور لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس ( یو این آئی ایف آئی ایل ) اپنے اپنے مینڈیٹ کے مطابق اس معاہدے کے نفاذ کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔

لبنان کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی کوآرڈینیٹر جینین ہینس۔ پلاسچارٹ نے معاہدے کو شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کی بحالی کے لیے اہم لمحہ قرار دیا۔انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ٹھوس اقدامات کے ذریعے جنگ بندی کو مستحکم کیا جائے۔