اقوام متحدہ کے سربراہ کا سکولوں پر حملے روکنے کا مطالبہ

167

اقوام متحدہ ۔10ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جمعرات کو سکولوں پر حملوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے تحفظ کا مطلب مستقبل کی حفاظت ہے۔

چینی خبررساں ادارے کے مطابق انتونیو گوتریس نے تعلیم کو حملوں سے بچانے کے عالمی دن کے سلسلہ میں ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو یک آواز ہو کر یہ مطالبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ سکولوں پر حملے بند ہونے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں کو سیکھنے ، حفاظت اور امن کا مقام ہونا چاہیے ، تعلیم نہ صرف علم اور ہنر مہیا کرتی ہے اس کے ساتھ ساتھ لوگوں ، برادریوں اور معاشروں کے لیے زندگیوں کو تبدیل کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ہم رکن ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے وعدوں سے آگے بڑھیں اور قومی پالیسیاں اور قوانین بنائے جو سکولوں اور سیکھنے والوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

آخر میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) کے لیے عالمی حمایت میں اضافے کا مطالبہ کیا ، جو دنیا کے خطرناک ترین مقامات پر تعلیم ، طلبا ، اساتذہ اور سکولوں کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔