اقوام متحدہ ۔ 14ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرز نے انڈونیشیا کی پروفیسر ارمیڈا سالسیہ علسجہ بانا کو اقوام متحدہ کے ایشیا و بحرالکاہل کیلئے اقتصادی و سماجی کمیشن کا سربراہ تعینات کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ ارمیڈا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق سربراہ شمشاد اختر کی جگہ لیں گی جو حال ہی میں نگران وزیراعظم جسٹس ناصرالملک کی کابینہ میں بطور نگران وفاقی وزیر خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی پروفیسر ارمیڈا سالسیہ علسجہ بانا ملک کی معروف یونیورسٹی میں معاشیات کی پروفیسر ہیں جو انڈونیشیا کی قومی ترقی اور منصوبہ بندی کی وزیر کے طور پر 2009ءتا 2014ءکے دوران خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (یو این ای ایس سی اے پی) کا قیام 1947ءمیں عمل میں آیا تھا اور اس کا ہیڈکوارٹر بنکاک تھائی لینڈ میں ہے۔ ادارہ مختلف منصوبوں، تکنیکی معاونت اور رکن ممالک کی استعدادکار میں بہتری کے ذریعے خطے کے ممالک کے اقتصادی مسائل کے خاتمہ اور سماجی ترقی کیلئے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=113578