اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کل وزیر اعظم سے ملاقات،اور سیلاب سے شدید طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

72
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس پاکستان کے لیے عالمی یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے طور پر کل جمعہ کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات اور نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے دورہ کے علاوہ سیلاب سے شدید طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے انسانی امداد لے کر 50 پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے علاوہ نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا دورہ کریں گے جبکہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ انتونیو گوٹیرس وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بات چیت کے بعد دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں بشمول بلوچستان اور سندھ (سکھر، اوستہ محمد، موہنجو داڑو اور لاڑکانہ) کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ امدادی کاموں میں ابتدا سے سرگرم کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ سیلاب سے بے گھر ہونے والے لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کا خود مشاہدہ کرنے کے بعد وہ جمعہ کی شام کراچی ایئر پورٹ پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو بھی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پوری قوم انتہائی عزم کے ساتھ موسمیاتی آفت کے تباہ کن نتائج کا مقابلہ کر رہی ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے زندگی اور معاش کی تباہی کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی تباہی دل کو دہلا دینے والی ہے، اس قدرتی آفت کے نتیجے میں 33 ملین سے زیادہ پاکستانی متاثر جبکہ لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں جنہیں پناہ کی ضرورت ہے، 1300 سے زیادہ جانیں ضائع اور 13 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے حکومت پاکستان کی جانب سے تمام متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں، ہمارے دوستوں اور شراکت داروں کی ایک بڑی تعداد حکومت کی زیر قیادت امدادی کوششوں میں مدد کے لیے آگے بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ تک چین، فرانس، اردن، قطر، ترکی، ترکمانستان، یو اے ای، یونیسف، یو این ایچ سی آر، ازبکستان اور عالمی ادارہ خوراک سے انسانی امداد لے کر 50 پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بہت سے ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے نقد مالی معاونت بھی کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم ضرورت کی اس گھڑی میں فراخدلانہ مدد کے لیے عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے گزشتہ ہفتے شوپیاں، اسلام آباد اور راجوری کے علاقوں میں سات کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں میں شہید کیا، ہم بھارت کی اس ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بین الاقوامی قوانین، شہری آزادیوں کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر مسلسل ظلم و ستم پر جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان راجوری میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں پاکستانی شہری تبارک حسین کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت کے ناظم الامور کو 5 ستمبر کو وزارت خارجہ طلب کرکے اسے پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ واقعے کی تفصیلات سے پاکستان کو آگاہ کرے، جس میں ان کی موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایک معتبر پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی شامل ہے جبکہ پاکستانی قیدی کے قتل کے ذمہ داروں کا تعین کرانے کے لیے شفاف تحقیقات کی جائیں۔

کل