اقوام متحدہ۔13جنوری (اے پی پی):مقبوضہ فلسطینی علاقے کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار مہند ہادی نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہاں اور پورے خطے کے بچوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔ مہند ہادی جو مشرق وسطیٰ امن عمل کے ڈپٹی سپیشل کوآرڈینیٹر بھی ہیں، نے یہ اپیل گزشتہ روز غزہ شہر کے دورے کے دوران کی، جہاں انہوں نے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہولی فیملی چرچ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بے گھر بچوں کی موجودگی میں ایک وڈیو پیغام میں زور دے کہا کہ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ گرجا گھروں، مساجد، عام شہریوں اور تمام شہری انفراسٹرکچر کو محفوظ کیا جانا چاہیے جو صرف اس جنگ کے خاتمے اور جنگ بندی کے ذریعے ہی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے بے گھر نوجوان اپنے گھروں کو واپس جانے کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے مستقبل کی امید ہیں اور تعلیم کے بغیر اور مناسب صحت کی دیکھ بھال کے بغیر کوئی روشن مستقبل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر غزہ کے اس چرچ کی طرف سے اپیل کر رہے ہیں کہ ان بچوں کی خاطر، مستقبل کی خاطر بلکہ اس خطے میں ہم سب کے بہتر مستقبل کی خاطر اس جنگ کو ختم کیا جائے ۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں 46 ہزار 565 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں اور 109،378 افراد زخمی ہوئے ہیں۔