اقوام ِمتحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ کا بنگلہ دیش میں تشدد کو ختم کرنے کا مطالبہ

119
United Nations
United Nations

اقوام متحدہ ۔5اگست (اے پی پی):اقوام ِمتحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نےبنگلہ دیش میں ’’حیران کن تشدد‘‘ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئےانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاجی تحریک میں پرامن طور پر حصہ لینے والوں کو نشانہ بنانا بند کرے ،حراست میں لیے گئے افراد کو فوری رہا کیا جائے، انٹرنیٹ تک مکمل رسائی کو بحال کیا جائے اور بامعنی مکالمے کے لیے حالات پیدا کیے جائیں۔

ترک نے مزید کہا کہ طاقت کے بے تحاشہ استعمال ، جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلانا اور تشدد پر اکسانے کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ بڑے پیمانے پر احتجاج میں طلبا کی طرف سے بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے سبب سرکاری ملازمتوں کے لیے "کوٹہ سسٹم” کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تاہم یہ احتجاج ی مظاہرے طاقت کے بیجا استعمال کے باعث پرتشد د شکل اختیار کر گئے جس میں مبینہ طور پر 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔