اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی کا واحد راستہ قانون کی حکمرانی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو تیز تر انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے،
احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سب کا بلا تفریق احتساب کیا جائے گا، مدینہ کی فلاحی ریاست کی طرز پر ملک بنانے کی نظیر قائم کرنے کے لئے لوٹ مار اور کرپشن کرنے والوں کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی قسم کے دبائو میں نہیں آئے گی اور لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز احتساب کا عمل جاری رکھنے کو یقینی بنا رہی ہے۔