لاہور۔27جولائی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور نیشنل کمیشن آن رائٹ آف چائلڈ کے درمیان ہفتہ کے روز باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا،چیئرمین الحمرا رضی احمد اور چیئرپرسن این سی آر سی سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے ایم او یو سائن کیا۔
اس موقع پر مستقبل کے معماروں کے لئے مشترکہ کام کرنے کا جامع لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا،فن وادب،تھیٹر،موسیقی، مصوری،آرٹ کے ذریعے بچوں کے حقوق اجاگر کئے جائیں گے۔چیئرمین الحمرا رضی احمد نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو ترقی کا پہلا قرینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو فنون لطیفہ کے ذریعے بچوں کے حقوق بارے آگاہ کر رہے ہیں۔
ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا سارہ رشیدنے کہا کہ بچوں کو درپیش مسائل، ان کی حساس حالت اور حقوق کی پامالی کو روکنے کیلئے ایک دوسرے سے مل رہے ہیں،الحمرا بچوں کی فنون لطیفہ کی تعلیم وتربیت،تحفظ اور سماجی حقوق پر خاطر خواہ کام کر اورانہیں قدرتی صلاحیتوں کی تعمیر وترقی کیلئے آئیڈیل ماحول کو یقینی بنا رہا ہے۔
چیئرپرسن این سی آرسی سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ بچوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے ان کوبااختیار بنا رہے ہیں،ایم او یو ہماری سنجیدہ کاوشوں کا اظہار ہے،ایم او یو کرنے کا مقصد بچوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے بروقت حل کے لئے باہمی تعاون ہے۔اس موقع پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا،درخت بچوں کے محفوظ مستقبل کے ضامن،پودے کودرخت بننے کے لئے بچوں کی طرح دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔
دریں اثناء چیئرپرسن این سی آرسی سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو الحمرا آرٹ گیلری کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں انہوں نے نمائش دیکھی۔