الحمرا اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں دونوں اداروں نے ٹیکنالوجی، ثقافت، ادب اور فنون کے باہمی فروغ کے لیے تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی پروقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں دونوں اداروں نے ٹیکنالوجی، ثقافت، ادب اور فنون کے باہمی فروغ کے لیے تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل اور ہیڈ الخوارزمی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شہزاد آصف نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔محمد نواز گوندل نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جیسے معتبر علمی و تکنیکی ادارے کے ساتھ الحمرا کا یہ اشتراک موجودہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایک اہم پیش رفت ہے،ثقافت، ادب اور فنون کو جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس سے مربوط کرکے تخلیقی صلاحیتوں کے لیے نئی جہتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے دونوں ادارے اپنے تجربات، مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مشترکہ منصوبوں اور سرگرمیوں کو فروغ دیں گےجبکہ نوجوان نسل بالخصوص جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی اظہار کے اس باہمی امتزاج سے بھرپور استفادہ کر سکے گی۔

ڈاکٹر شہزاد آصف نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور الحمرا کے درمیان یہ اشتراک ٹیکنالوجی اور فنون کے درمیان ایک موثر رابطے کی بنیاد فراہم کرے گا۔ کمپیوٹر سائنس کی جدید صلاحیتوں کو ثقافتی اور تخلیقی شعبوں سے جوڑ کر نئی سوچ، جدت اور تخلیقی امکانات کو فروغ دیا جا سکتا ہے،مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں ادارے علمی، فنی، ثقافتی اور تکنیکی شعبوں میں تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرام وسیم اکرم،آڈٹ اینڈ اکائونٹس آفیسر محمد محب شمسی اور دیگر افسران و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔