چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو راولپنڈی نے گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملانے کیلئے فیملی ٹریسنگ سیکشن کو متحرک کرتے ہوئے والدین اور شہریوں میں بچوں کے تحفظ، گمشدگی کی روک تھام اور فوری اطلاع کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے
گمشدہ بچوں کو خاندانوں سے ملانے کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی کا فیملی ٹریسنگ سیکشن متحرک، آگاہی مہم شروع

مزید خبریں
راولپنڈی ۔4ستمبر (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو راولپنڈی نے گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملانے کیلئے فیملی ٹریسنگ سیکشن کو متحرک کرتے ہوئے والدین اور شہریوں میں بچوں کے تحفظ، گمشدگی کی روک تھام اور فوری اطلاع کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کردی ہے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے مطابق فیملی ٹریسنگ سیکشن صوبہ بھر میں گمشدہ اور بے سہارا بچوں کی شناخت، ان کے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کی تلاش اور بچوں کو محفوظ طریقے سے ان کے خاندانوں سے ملانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ اس مقصد کیلئے بچوں سے متعلق دستیاب معلومات، شناخت اور دیگر کوائف کی مدد سے ان کے خاندانوں تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔راولپنڈی میں بھی بچوں کے تحفظ اور گمشدگی کی صورت میں بروقت کارروائی کے حوالے سے والدین اور شہریوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ آگاہی مہم کے ذریعے والدین پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ بچوں کو گھر سے باہر جاتے وقت بنیادی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں اور کم عمر بچوں کو بازاروں، پارکوں، تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور دیگر رش والی جگہوں پر اکیلا نہ چھوڑیں۔
والدین کو یہ بھی ہدایت کی جا رہی ہے کہ بچوں کو اپنا نام، والدین کا نام، گھر کا پتہ اور والدین کا رابطہ نمبر یاد کروائیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں بچے کی شناخت اور خاندان سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو۔ بچوں کی حالیہ تصویر اور ضروری شناختی معلومات بھی والدین کے پاس محفوظ ہونی چاہئیں۔بیورو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کوئی گمشدہ، لاوارث یا بے سہارا بچہ ملے تو اسے نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بچے کو محفوظ مقام فراہم کرنے کے ساتھ اس کے خاندان کی تلاش کا عمل شروع کیا جا سکے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے والدین اور اہل خانہ کو ہدایت کی ہے کہ بچے کے گمشدہ ہونے کی صورت میں انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہیلپ لائن 1121 پر رابطہ کریں۔ بروقت اطلاع کے ذریعے بچے کی تلاش اور خاندان سے دوبارہ ملاپ کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں۔
بیورو کی جانب سے اس امر پر بھی زور دیا جا رہا ہے کہ بچوں کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے، والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، میڈیا اور عام شہریوں کے تعاون سے بچوں کو گمشدگی، استحصال اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔








