اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں ایک بار پھر سرخرو فرمایا،وزیراعظم کا ٹویٹ ،چوہدری شجاعت حسین کو خراج تحسین

239
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں جس نے ہمیں ایک بار پھر سرخرو فرمایا، جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوہدری ظہور الٰہی شہید کے سیاسی وارث اور علمبردار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ایک بار پھر اپنے عظیم والد اور خاندان کی جمہوری روایت کو زندہ و جاوید کیا۔ ان کا یہ کردار جمہوریت اور آئینی اقدار کی جیت ہے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ چوہدری شجاعت حسین، ان کے خاندان اور ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے سابق صدر زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے آئین، جمہوریت اور عوام کے مفاد کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق صدر زرداری کی سیاسی رواداری نے بحران کا خاتمہ کر دیا، وزیراعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت اتحادی جماعتوں کے تمام محترم قائدین کو فرداً فرداً خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے قائدین کی سیاسی بصیرت، اتحاد اور حمایت سے جمہوریت فتح مند ہوئی ،قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔