الپائن کلب کے زیراہتمام پی ٹی ڈی سی، گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور برین ڈیزائن کے تعاون سے انٹرنیشنل مائونٹین ڈے کی مناسبت سے مارگلہ ٹریل 5 پر ایکو ہائیک کا کامیابی سے انعقاد

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور برین ڈیزائن کے تعاون سے انٹرنیشنل مائونٹین ڈے کی مناسبت سے مارگلہ ٹریل 5 پر ایکو ہائیک کا کامیابی سے انعقاد کیا ،جس کے ساتھ ملک بھر میں کھیلوں اور آگاہی سے متعلق سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ پہاڑوں …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور برین ڈیزائن کے تعاون سے انٹرنیشنل مائونٹین ڈے کی مناسبت سے مارگلہ ٹریل 5 پر ایکو ہائیک کا کامیابی سے انعقاد کیا ،جس کے ساتھ ملک بھر میں کھیلوں اور آگاہی سے متعلق سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ پہاڑوں کے تحفظ اور ذمہ دارانہ آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر نوجوانوں، ماہرین ماحولیات، ماہرین تعلیم، سرکاری نمائندوں اور آئوٹ ڈور سے شغف رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی تاکہ پہاڑی ماحولیاتی نظام اور گلیشیئرز کے تحفظ کی اہمیت سے متعلق عوامی آگاہی کو فروغ دیا جائے۔

اقوام متحدہ کے موضوع ’’برفانی تودے پانی، خوراک اور روزگار کے لیےپہاڑوں میں اور ان سے باہر بھی انتہائی اہم ہیں‘‘ کے تحت مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان دنیا کے گلیشیئرز سے مالا مال ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستان کے شمالی پہاڑی سلسلے قطبوں کے باہر دنیا کے بڑے گلیشیائی نظاموں کے حامل ہیں جو دریائی نظام، زراعت، ماحولیاتی استحکام اور پہاڑی کمیونٹیز کی بقاء میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔معروف کوہ پیما ساجد علی سدپارہ اور اشرف علی سدپارہ نے ایکو ہائیک میں شرکت کی اور اپنے تجربات کے ذریعے شرکا کو متاثر کیا ساتھ ہی ذمہ دارانہ ٹریکنگ کے طریقہ کار اور پاکستان کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ کوہ پیمائی کے ورثے کو اجاگر کیا۔وزیر اعظم کی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی سیدہ آمنہ بتول نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تیزی سے بدلتے موسم کے باعث گلیشیئرز کے تحفظ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اے سی پی اور پی ٹی ڈی سی کی نوجوانوں کو متحرک کرنے اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ گلیشیئرز کا تحفظ پاکستان کی طویل المدتی آبی سلامتی اور غذائی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد خان نے عوام کی بھرپور شرکت کو سراہا اور ماحول دوست کوہ پیمائی اور مسلسل ماحولیاتی آگاہی مہمات کے فروغ کے لیے الپائن کلب آف پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانانے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پی ٹی ڈی سی کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہاڑ ملک کی سیاحتی شناخت کی بنیاد ہیں اور ایکو ہائیک جیسے اقدامات قدرت دوست سیاحت کو فروغ دیتے ہیں۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کے فوکل پرسن برائے یوتھ موبلائزیشن سید ذیشان علی نقوی (سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد) نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ کے سفیر بنیں اور ایک موسمیاتی طور پر مضبوط پاکستان کی تعمیر میں موثر کردار ادا کریں۔تمام شراکت دار اداروں نے پاکستان کے پہاڑی ماحول کے تحفظ، گلیشیئرز کی حفاظت، موسمیاتی لچک اور پائیدار آئوٹ ڈور سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔تقریب کا اختتام شرکا اور نوجوان ہائیکرز میں اسناد اور شیلڈز کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ الپائن کلب آف پاکستان کے نائب صدر کرار حیدری نے اپنے اختتامی خطاب میں تمام شرکا، شراکت داروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پہاڑوں کے تحفظ سے متعلق قومی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔بین الاقوامی مائونٹین ڈے کی تقریبات کے حصے کے طور پر الپائن کلب آف پاکستان نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں راک اور سپورٹ کلائمنگ مقابلوں کا انعقاد کیا۔ وزیر اعظم کی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی سیدہ آمنہ بتول، مہمان خصوصی آفتاب الرحمان رانا اور الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل عرفان ارشد خان نے تقسیم کیے۔

مردوں کی سپیڈ کلائمنگ مقابلوں میں ایس این جی پی ایل کے ابو ذر نے پہلی،ظہیر احمد نے دوسری اور حسن فیض اور حذیفہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔گرلز کلاسک سپیڈ مقابلوں میں ایس این جی پی ایل کی امانی جنت نے پہلی، صبا زہراء نے دوسری جبکہ آمنہ علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مردوں کی راک کلائمنگ مقابلوں میں ایس این جی پی ایل کے زہیر احمد نے پہلی،حسن فیض نے دوسری اورجمیل قریشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔گرلز راک کلائمنگ مقابلوں میں ایس این جی پی ایل کی صبازہرا ءنے پہلی،عائشہ علی نے دوسری اور آمنہ علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بین الاقوامی شرکت میں نیدرلینڈز کے کارل بھی شامل تھے جو پاکستان کی کلائمنگ کمیونٹی کے ساتھ عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط کی عکاسی کرتا ہے۔اختتامی تقریب میں پاکستان نیشنل سپورٹ کلائمنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور کنوینر نجيب خٹک نے آئندہ قومی سپورٹ کلائمنگ چیمپئن شپس اور بین الاقوامی مقابلوں کی تیاریوں کا اعلان کیا۔مقابلوں کی نگرانی تجربہ کار ٹیکنیکل آفیشلز ساجد اسلم، مشاہد، حنزلہ حسین اور ایس این جی پی ایل کےاحمد مجتبیٰ نے کی۔ الپائن کلب آف پاکستان کی قیادت نے منتظمین اور کھلاڑیوں کو مقابلوں کے کامیاب، منظم اور پیشہ ورانہ انعقاد پر مبارکباد دی۔