اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ صوبوں میں تین سال سے زائد عرصہ سے تعینات گریڈ 17 سے گریڈ 22 کے سیکرٹریٹ ، او ایم جی اور دوسرے پیشہ وارانہ گروپس سے تعلق رکھنے والے 14 افسران سندھ اور پنجاب سے 10افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے کچھ عرصہ پہلے صوبوں میں تین سال سےزائدعرصہ سے تعینات گریڈ 17سے گریڈ 22کے افسران جو مختلف پیشہ وارانہ گروپس سے تعلق رکھتے ہیں اور جن کی صوبوں میں مدت ملازمت تین سال سے زیادہ ہو چکی ہیں ان کو واپس وفاق بلانے کی ہدایت کی تھی ۔ اسی طرح سیکرٹری داخلہ کو بھی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ممبرز سی ڈی اے جو باہر سے تعینات ہیں ان کوبھی اپنے ادارے میں واپس بلایا جائے۔
وہ ممبران جو سی ڈی اے کے مستقل ملازمین ہیں ان کی بھی تبدیلی کی جائے تاکہ آنے والے عام انتخابات میں غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں اس حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹریٹ ، او ایم جی اور دوسرے پیشہ وارانہ گروپس سے تعلق رکھنے والے 14 افسران سندھ سے ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں جن کی مدت ملازمت تین سال سے زائد ہو چکی تھی ۔ اسی طرح صوبہ پنجاب سے 10افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فی الحال ایسے کوئی افسران تعینات نہیں ہیں جن کی مدت ملازمت تین سال سے زائد ہو ۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ چند ممبران کو تبدیل یا ان کے اداروں میں واپس بھیج دیا گیا ہے ۔
باقی ممبرز یعنی پلاننگ، ایڈمن اور انوائرنمنٹ کے تبادلوں کے لئے بھی وزرات داخلہ نے سمریاں بھجوا دی ہیں ۔ دونوں سیکرٹریز کو ہدایت دی گئی کہ تین دن میں تمام تبادلے کر کے عملدرآمد رپورٹ ارسال کی جائے ۔