الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کی خانہ بندی اور مرتب کرنے کے الیکشن مینجمنٹ سسٹم کی ایک اور تجرباتی مشق کی

156
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نتائج کی خانہ بندی اور مرتب کرنے کے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کی آج ایک اور تجرباتی مشق کی ہے جس میں تمام مطلوبہ مراحل اور اہداف کی کامیابی سے تکمیل ہوئی۔کمیشن کے ترجمان کے مطابق ایک ایم ایس کی تجرباتی مشق میں ملک بھر کے 859 انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ آفیسرز شریک ہوئے اور اس نظام کی تمام حوالوں سے آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں اہلیت کو جانچا گیا اور اسے ہر لحاظ سے اطمینان بخش پایا گیا۔

کمیشن کے ترجمان کے مطابق ای ایم ایس کا بنیادی مقصد انتخابی نتائج کی خانہ بندی اور مرتب کرنا ہے اور اس کا استعمال انتخابات کے دن 8 فروری کو ہو گا۔یہ نظام آن لائن اور آف لائن موڈ دونوں صورتوں میں یکساں رفتار اور اہلیت سے کام کرتا ہے۔آج کی تجرباتی مشق نے ای ایم ایس کو مکمل فعال اور موثر ثابت کیا۔اس مشق کے دوران میں ای ایم ایس کے ذریعے انتخابی نتائج کی ترسیل اور فارم۔47 جنریٹ کرنے کا عمل بھی کئی بار دہرایا گیا اور اس حوالے سے ای ایم ایس کی کارکردگی کو تسلی بخش پایا گیا۔