الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے ضمنی انتخابات کیلئے میڈیا اور سکیورٹی آفیشلز کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

131
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے ضمنی انتخابات کیلئے میڈیا اور سکیورٹی آفیشلز کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو میڈیا کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی بھی ٹی وی چینل یا اخبار کسی امیدوار یا سیاسی جماعت کیلئے عوامی رائے پر اثر انداز نہیں ہو گا، صرف مستند نتائج جو پریذائیڈنگ آفیسر ، ریٹرننگ آفیسر یا الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے جائیں گے وہی نشر یا شائع کریں گے۔ کسی بھی امیدوار کی ذاتی زندگی کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا جا سکے گا۔

سکیورٹی آفیشلز کیلئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق سکیورٹی سے متعلق افراد امن و امان کے قیام اور صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے پولنگ سٹیشن کے باہر تعینات ہوں گے، وہ پولنگ کے عملہ کی طرف سے تفویض کی گئی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں گے۔ پولنگ سٹیشن کے احاطہ میں داخل ہونے والے ووٹروں کی جامع تلاش لے کر یہ یقینی بنائیں گے کہ اس کے پاس کسی قسم کا اسلحہ یا بارودی مواد نہ ہو۔ کسی ووٹر سے پرچی یا اس کی شناخت طلب نہیں کر سکیں گے، کسی بھی اہل ووٹر کو اس کے حق سے نہیں روکیں گے۔