اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کوہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثوں اور واجبات کے سالانہ گوشوارے 31 دسمبر تک جمع کروا دیں۔پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی اپنے گوشوارے جمع کروانے کے پابند ہے۔
ممبران بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کروائیں گے۔الیکشن کمیشن یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا،15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
اگرکوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی ہوگی۔