الیکشن کمیشن کے نو تعینات افسران کا وفاقی آئینی عدالت کا مطالعاتی دورہ، عدالتی نظام اور آئینی دائرہ اختیار پر بریفنگ دی گئی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے نوتعینات افسران پر مشتمل ایک وفد نے سروس ٹریننگ پروگرام 2026 کے تحت منگل کو وفاقی آئینی عدالت پاکستان کا مطالعاتی دورہ کیا جہاں انہیں عدالت کے آئینی دائرہ اختیار، عدالتی طریقہ کار، تنظیمی ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے نوتعینات افسران پر مشتمل ایک وفد نے سروس ٹریننگ پروگرام 2026 کے تحت منگل کو وفاقی آئینی عدالت پاکستان کا مطالعاتی دورہ کیا جہاں انہیں عدالت کے آئینی دائرہ اختیار، عدالتی طریقہ کار، تنظیمی ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی آئینی عدالت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل نگہت صدیقی نے کی۔ دورے کا مقصد نوتعینات افسران کو آئینی حکمرانی، ریاستی اداروں کے کردار اور وفاقی آئینی عدالت کے نظام کار سے آگاہ کرنا تھا۔وفد نے وفاقی آئینی عدالت کی عدالتی کارروائی کا مشاہدہ بھی کیا جس کے دوران افسران کو عدالت کے آئینی دائرہ اختیار، عدالتی طریقہ کار اور آئینی انصاف کی فراہمی کے نظام کے بارے میں عملی معلومات فراہم کی گئیں۔بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت کے سینئر افسران نے وفد کو عدالت کے تنظیمی ڈھانچے، مختلف انتظامی و عدالتی شعبہ جات اور عدالت کے قیام کے بعد حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں ادارہ جاتی ترقی، انتظامی اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، عدالتی نظام کی بہتری اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔پریس ریلیز کے مطابق وفد کو وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے پس منظر، مقاصد، آئینی ذمہ داریوں اور نمایاں کامیابیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدالت کے آئینی مینڈیٹ کو اجاگر کیا گیا۔دورے کے دوران ایک تعاملی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں شرکا نے وفاقی آئینی عدالت کے افسران سے مختلف آئینی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ریاستی اداروں کے درمیان باہمی تعاون، موثر حکمرانی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔دورے کے اختتام پر یادگاری گروپ فوٹو بنایا گیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل نگہت صدیقی اور ٹریننگ پروگرام کے ڈائریکٹرز کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔وفاقی آئینی عدالت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سرکاری افسران کی استعداد کار میں اضافے، آئینی شعور کے فروغ اور ریاستی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے تعلیمی اور پیشہ ورانہ پروگراموں کی حمایت جاری رکھے گی۔