نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔منگل کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کی علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے سارک کے عمل کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ …
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سارک کے سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔منگل کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل کی علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے سارک کے عمل کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سارک کے منشور کے اصولوں کی روشنی میں تنظیم کو ازسرِنو متحرک کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی روابط، پائیدار ترقی اور جنوبی ایشیا کے عوام کی مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے خطے کی بے پناہ آبادیاتی اور معاشی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔سیکرٹری جنرل محمد غلام سرور نے سارک اور اس کے اداروں کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے سیکرٹری جنرل کے لئے ان کی مدتِ ملازمت کے کامیاب اختتام کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کی تمام کاوشوں کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔







