الیکشن 2024ءکی کوریج کے لئے میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، پی آئی ڈی

103
پی آئی ڈی

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں صحافیوں کی سہولت کے لئے قائم ”میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشین سینٹر“ مکمل طور پر فعال ہے۔

پی آئی ڈی سے جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق میڈیا سینٹر میں صحافیوں کی سہولت کے لئے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، جدید ترین کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، پرنٹر، سکینرز، ایل ای ڈیز اور ایس ایم ڈیز موجود ہیں۔ میڈیا سینٹر میں صحافیوں کی معاونت کے لئے پی آئی ڈی کا تربیت یافتہ عملہ اور افسران بھی موجود ہیں۔ میڈیا سینٹر کو ایس ایم ڈیز کے ذریعے الیکشن کمیشن کے ” الیکشن سٹی“ سے بھی منسلک کرنے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ الیکشن کوریج کے دوران صحافیوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے وزارت اطلاعات کی Helpline-MoIB بھی مکمل طور پر فعال ہے۔ صحافی mediahelpline.moib.gov.pk پر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

شکایت کے اندراج کے لئے ٹیلیفون ہیلپ لائن0519252287 بھی فعال کردی گئی ہے۔ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن خاص طور پر الیکشن 2024ءکی کوریج کرنے والے مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کی سہولت کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ میڈیا کوآرڈینیشن اینڈ فیسلی ٹیشن سینٹر میں صحافیوں کو ایک چھت کے نیچے تمام ضروری سہولیات، قابل اعتماد معلومات اور لاجسٹک سپورٹ بھی میسر ہے۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت 7 شہروں میں میڈیا سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ان سینٹرز پر 24 گھنٹے عملہ اپنی خدمات انجام دے گا۔ الیکشن ڈے پر سینٹرز سے پولنگ سٹیشنز جانے والے صحافیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی موجود ہے۔