امام حسینؓ ،نواسہ رسولﷺ کی قربانی نے تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا ،میر عبدالقدوس بزنجو

56
سیکیورٹی فورسزکے جوان امن کے قیام اور مادر وطن کے تحفظ کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ۔9اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجوکا یوم عاشور کے موقع پراپنی پیغام میں کہاہے کہ محرم الحرام صبراستقامت برداشت قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے اور ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے ،امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء اور سربلندی کیلئے عظیم قربانی دی ،نواسہ رسولﷺ کی قربانی نے تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا ،قیامت تک کے لیے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوں،ہمیں فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام اور مسلم اُمہ کی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا، شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اوربرداشت کا جذبہ پیداکریں ،فرقہ ورانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اوریکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں ،اپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں،موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے،ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحادبرقراررکھناہوگا ،

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرتے ہوۓ معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرنا ہوگی ۔آئیں ہم اپنے اندرونی اختلافات بھلا کر ایک فلاحی اسلامی معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالیں ،اس وقت بلوچستان سیلابی بارشوں سے متاثر ہے ،ہم نے اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کرنی ہے ۔