اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ امتحانی نظام کو بہتر بنائے بغیر معیاری تعلیم کا حصول ممکن نہیں، جن قوموں نے تعلیم میں سرمایہ کاری کی وہ آج کامیابی کی منازل طے کر رہے ہیں۔ وہ بدھ کو فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن میں تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد تعلیم کے زیادہ تر شعبے صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں تاہم وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیم کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نصاب پر نظرثانی کی جا رہی ہے اور رٹہ ازم کو ختم کر کے تصوراتی تعلیم پر زور دیا جا رہا ہے۔