راولپنڈی۔ 07 اپریل (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام امتحان انٹر میڈیٹ فرسٹ انیول 2024ء 19اپریل بروز جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ جس طرح امتحان میٹرک میں کمشنر راولپنڈی تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ڈائریکٹر کالجز، تمام اضلاع کے سی۔ ای۔ اوز۔ ایجوکیشن اور ضلع انتظامیہ کے افسران کا تعاون رہا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔بورڈ انتظامیہ اُمید کرتی ہے کہ اُسی طرز پر تمام ضلع انتظامیہ امتحان انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2024ء کے انتظامات اور امتحانی مراکز کی نگرانی میں بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریگولر اُمیدواران کی رول نمبر سلپس اُن کے ادارے کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردی گئی ہیں۔ جبکہ پرایؤیٹ اُمیدواران کی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائیڈwww.biserawalpindi.edu.pk پر آن لائن کردی گئی ہیں۔ اُمیدوار اپنا آن لائن داخلہ فارم نمبر یا ب۔ فارم نمبر انٹر کرکے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ مزید برآں پرایؤیٹ اُمیدواران کی رول نمبر سلپس اُن کے داخلہ فارم کے دیئے گئے پتہ جات پر ارسال کی جارہی ہیں۔ انٹر میڈیٹ امتحان کیلئے 195امتحانی مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں۔
تمام امتحانی مراکز کی نگرانی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کی جائے گی۔ زیروٹارلینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے۔ تمام امتحانی عملہ بشمول ڈسٹریبوٹنگ انسپکٹر، ریزیڈنٹ انسپکٹر، موبائل انسپکٹر، سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، نگران کی فہرستیں اسپیشل برانچ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ جو دورانِ امتحان بھی ان کی خفیہ نگرانی کریں گے۔ بوٹی مافیا کو ہرگز سر اٹھانے نہیں دیں گے۔ بوٹی مافیا کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اُن کو نشانِ عبرت بنا کر دم لیں گے۔