امجد حسین ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کا حلف اٹھا لیا

امجد حسین ایڈووکیٹ نے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کا حلف اٹھا لیا

گلگت۔ 06 جولائی (اے پی پی):نو منتخب وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ پیر کو گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے چنا ر باغ گلگت میں منعقدہ پروقار تقریب میں ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ صوبائی قیادت، کابینہ کے ارکان، اعلیٰ سرکاری حکام، منتخب عوامی نمائندوں، پارٹی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کی حکومت عوامی خدمت، شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں زیرِ تعمیر بجلی منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں اور عوام کو بجلی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مالی نظم و ضبط کو یقینی بنائے گی، ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کو بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ بجلی کے نظام کو پائیدار بنایا جا سکے اور نئے منصوبوں کے لیے وسائل دستیاب رہیں۔امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں میرٹ پر مبنی پالیسی کو ہر صورت نافذ کیا جائے گا اور تمام فیصلے شفاف انداز میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت جدید تقاضوں کے مطابق ای گورننس کے نظام کی جانب پیش رفت کر رہی ہے تاکہ سرکاری خدمات کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جا سکے۔

انہوں نے پولیس میں بھرتیوں پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے لیے نیا اور شفاف طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا تاکہ صرف اہل اور مستحق امیدواروں کو مواقع مل سکیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ حکومت مختلف شعبوں میں 8 ہزار نئی ملازمتیں فراہم کرے گی جس سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، گڈ گورننس کے فروغ اور گلگت بلتستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔