امریکا، ایسوسی ایٹڈ پریس کی وائٹ ہاؤس تک رسائی کی فوری بحالی بارے درخواست مسترد

101
Associated Press
Associated Press

نیویارک ۔26فروری (اے پی پی):امریکا کے ایک وفاقی جج نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی ) کو صدارتی سرگرمیوں تک رسائی کا حق دوبارہ دینے کے لیے وائٹ ہائوس کو فوری احکامات جاری کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

جج نے واضح کیا کہ اے پی یہ ثابت نہیں کر سکی کہ اسے اس معاملے میں نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے، تاہم عدالت نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دو ہفتے قبل ایسوسی ایٹڈ پریس پر عائد کی جانے والی پابندی پر نظر ثانی کرے۔

جج کے مطابق اس کیس کے قوانین وائٹ ہاؤس کے موقف کو قطعا سپورٹ نہیں کرتے البتہ وفاقی ڈسٹرکٹ جج ٹریور این میک ایڈن کا اس مرحلے پر فیصلہ عارضی تھا۔ انھوں نے ٹرمپ انتظامیہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے وکلا کو واضح کیا کہ اس کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرنے سے قبل مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔