امریکاانسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے ، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن۔19اکتوبر (اے پی پی):امریکا نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ،یہ توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے گا، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے خواہاں ہیں ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ بہت کم ممالک ایسے ہیں جو پاکستان کی طرح دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور تحریک طالبان پاکستان جیسے دہشت گرد گروپوں کی جانب سے علاقائی عدم استحکام اور علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کے لیےان ممالک کے مفادات مشترک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امریکاانسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے اور توقع ہے کہ پاکستان کی جانب سے تمام دہشت گرد اور عسکریت پسند گروپوں کے خلاف تسلسل کے ساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔