واشنگٹن ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے متنبہ کیا ہے کہ امریکا میں جاری شدید کساد بازاری کے باعث اس کی معیشت کو 50 کھرب ڈالر نقصان کا اندیشہ ہے جس سے قرضوں اور خسارے میں اضافے کے ساتھ ساتھ حکومت کی مالیاتی پوزیشن کو بھی نقصان ہوگا۔آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی حکومتیں جنھیں اسی قسم کے خطرات کا سامنا ہے لیکن وہ اب بھی اپنی اصل مالی صورتحال (ورتھ) سامنے لانے سے گریز کررہی ہیں، اس سے پالیسی ساز ادارے و شخصیات جو ان مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتے ہیں اصل صورتحال سے بے خبر رہتے ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی بیلنس شیٹ میں ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی اور سرکاری قرضوں کے علاوہ متعدد دوسرے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات ہوتی ہیں جن میں ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کی رقم کے ساتھ ساتھ ریاستی ادارے، زمین، قدرتی وسائل بھی شامل ہیں۔