واشنگٹن۔ 9 فروری (اے پی پی) امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ وہ اس کوشش میں ہیں کہ افغانستان میں ہونے والے جولائی کے صدارتی انتخابات سے قبل طالبان کے ساتھ کسی ممکنہ امن معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے۔ انہوں یہ بات واشنگٹن میں امریکی انسٹیٹیوٹ برائے امن کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ زلمے خلیل زاد نے واضح کیا کہ افغان صدارتی الیکشن کے انعقاد سے امن معاہدے کا حصول بظاہر پیچیدہ دکھائی دیتا ہے لیکن امریکی کوشش ہے کہ اس کو جتنا جلدی طے کیا جائے، اتنا ہی بہتر ہو گا۔واضح رہے کہ خلیل زاد نے گزشتہ ہفتے کے دوران کہا تھا کہ افغان طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔