امریکا نے نکارگوا کے صدر و دیگر عہدیداروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی

United States

واشنگٹن۔17نومبر (اے پی پی):امریکا نے وسطی امریکی ملک نکارگوا میں 7نومبر کو ہونے والے انتخابات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کے بعد صدرڈینیئل اورٹیگا ، ان کی اہلیہ و نائب صدر روساریو موریلو اور دیگر حکومتی عہدیداروں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق نکارگوا میں 7نومبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل حکام نے 7صدارتی امیدواروں سمیت اپوزیشن کے تقریباً 40 افراد کو گرفتار کر لیا ۔امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ روز ایک بیان میں پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نکارگوا کے صدر ڈینیئل اورٹیگا کی حکومت کی جانب سے پرتشدد اور جابرانہ اقدامات کرنے اور ان کی حمایت کرنے والوں نے امریکا کو پابندیاں عائد کرنے پر مجبور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اورٹیگا حکومت کے غیر جمہوری، آمرانہ اقدامات نے انتخابی عمل کو کمزور کر دیا اور نکاراگوا کے شہریوں سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں اپنے لیڈروں کا انتخاب کرنے کا حق چھین لیا ہے۔

امریکا نے پیر کو نکارگوا کے حالیہ انتخابات کو شرمناک قرار دیتے ہوئے عہدیداروں کے خلاف علیحدہ سے اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔ دوسری جانب برطانیہ اور کینیڈا نے بھی نکارگوا کی اہم شخصیات کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔