امریکا کے بی ٹو بمبار طیاروں کی برطانیہ میں تعیناتی

77

واشنگٹن ۔ 3 ستمبر (اے پی پی) امریکی فضائیہ کے ایک کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکا کے بی ٹو بمبار طیاروں کو برطانیہ میں تعینات کردیا گیا ہے ۔ امریکی فضائیہ کے کمانڈر کورٹ وینڈٹ نے آئی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی برطانیہ کے شہرگلوسسٹر شائر کی فائرایئر بیس پر امریکا کے تین بی ٹو بمبار تیاروں کی تعیناتی امریکا اور نیٹو کی فوجی طاقت کے بارے میں ایک بڑا پیغام ہے ۔ امریکی فضائیہ کے مذکورہ کمانڈر نے کہا کہ یہ ایک عملی پیغام ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی منجملہ برطانیہ اپنی جنگی توانائی کو دشمن کے خلاف کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ پر بروئے کار لاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طیارے آئندہ دو مہینے تک برطانیہ میں رہیں گے اور یہ برطانیہ میں امریکی طیاروں کی تعیناتی کی سب سے طویل مدت ہے ۔ بی ٹو بمبار طیارے سرد جنگ کے زمانے میں بنائے گئے تھے جو بم اور روایتی و ایٹمی ہتھیار لوڈ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس مہنگے جنگی طیاروں کی ایک گھنٹے کی پرواز پر 1لاکھ70 ہزار ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور امریکی فضائیہ کے پاس اس قسم کے 20 عدد بی ٹوبمبار طیارے ہیں ۔