امریکن سوسائٹی آف سیفٹی انجینئرز کے زیر اہتمام سیمینار

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) ماہرین نے صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ صنعتی کارکنوں کی صحت‘ ان کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے انتظام کو بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس ضمن میں امریکن سوسائٹی آف سیفٹی انجینئرز کے زیر اہتمام وژن 2025ءکے تحت پاکستان کی پائیدار ترقی‘ اہداف اور ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے پائیدار حصول کے لئے سیفٹی ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ قوانین کی اہمیت پر سیمینار منعقد ہوا۔ (اے ایس ایس ای) صحت تحفظ/ماحولیات کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ہے جو تعلیم و آگاہی اور اپنے تجربہ کار ماہرین کے ذریعے اپنے اراکین کو پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرتی ہے۔ اس تنظیم کا قیام 1911ءمیں عمل میں آیا جو ایک قدیم اور سب سے بڑی پیشہ ور افراد کی تنظیم بن چکی ہے اس تنظیم کے اراکین کی تعداد 40 ہزار ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں کرتی ہے ۔ سوسائٹی کے صدر سید امجد علی اور نائب صدر نعیم احمد سبحانی نے ایسوسی ایشن کی دنیا بھر میں تعلیم و آگاہی کے حوالے سے شرکاءکو کوششوں سے آگاہ کیا۔ماہرین کے اس موقع پر صنعتی ترقی کے ساتھ صنعتی کارکنوں اور ورکروں کی صحت اور ان کی حفاظت اور ماحولیاتی بہتری کے انتظام کو بہتر کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ مختلف شعبوں کے ماہرین کے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے موجودہ قوانین اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ورلڈوائیڈ فنڈفارنیچر کی ماہر ماحولیات اورمحقق محترمہ نظیفہ نے اس موقع پر بتایا کہ فیکٹری ایکٹ میں ترامیم وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے کہاکہ کئی شہروں میں قائم ٹنریز میں حفظان صحت کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔انہوں نے کہاکہ قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے سے ہی بلدیہ ٹاون کراچی اورلاہور جیسے واقعات پیش آتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پائیدار ترقی پائیدار اورصحت مند ماحول سے وابستہ ہے اور اس ضمن میں حکومت اورمتعلقہ سرکاری اورغیرسرکاری اداروں اورتنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔