امریکہ آزادی اظہار اور قانونی اجتماع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان کی پریس بریفنگ

156

واشنگٹن ۔ 23 اگست (اے پی پی) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تعلقات کی بحالی اور سیاسی تعاون سے مستفید ہو سکتے ہیں، امریکہ کشیدگی میں کمی کےلئے جنوبی ایشیاءکے دونوں پڑوسی ممالک کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی کےلئے کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی سے مستحکم اور خوشحال خطے کے قیام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، امریکہ پاکستان اور بھارت کے حکام کے دوران کسی بھی سطح کے عہدےداروں کے دوران ملاقاتوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا یہ دیرینہ موقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات معمول پر رکھنے سے حاصل ہونے والے فوائد سے استفادہ کرنا چاہئے اور امریکہ کشیدگی میں کمی کےلئے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ بھارت میں انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل پر بغاوت کے الزامات سے متعلق معاملے پر سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ آزادی اظہار اور قانونی اجتماع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے جس میں سول سوسائٹی کا اجتماع شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر تنظیموں کی جانب سے آزادی اظہار کا احترام کرتا ہے۔