اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) سفیروں کی تین روزہ کانفرنس میں شریک امریکہ،چین اور اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کے سفیروں نے کہا ہے کہ یہ کانفرنس اقتصادی سفارتکاری اور عالمی سطح پرمسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی،چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بدھ کو کانفرنس کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تین روز سفیروں کی کانفرنس وزیر اعظم محمد نواز شریف نے طلب کی تھی جس میں واشنگٹن،بیجنگ،نئی دہلی،افغانستان،نیو یارک،یو این جینوا،ویانا،برسلز،اور ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیروں نے شرکت کی۔امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کانفرنس نے ملک کے سفیروں کو حالیہ چیلنجوں پر بحث کرنے اور انہیں دور کرنے کی غرض سے پالیسی سازی کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سفیروں پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی کیلئے اقتصادی سفارتی کوششوںمیں تیزی لائیں۔اسکے علاوہ کانفرنس میں کشمیر کے معاملے پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے مطالبے کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ ملکوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بیگناہ کشمیریوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو بھی اجاگر کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14058