اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):پاک۔امریکہ جوائنٹ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کی طرف ایک سنگ میل ہے۔ جمعرات کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس تاریخی معاہدہ سے نہ صرف دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون میں اضافے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔
اس معاہدہ سے امریکی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کے لئے نئی راہیں کھلیں گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے معاہدے پر گفت و شنید میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا اور زیادہ سے زیادہ فوائد کو یقینی بنانے کے لئے اس پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ معاہدہ سے ایس ایم ایز کو بھی فروغ ملے گا، پاکستان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور بین الاقوامی منڈیوں تک مسابقتی رسائی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات علاقائی امن کو برقرار رکھنے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔