اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):امریکہ سے انسانی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر دو پروازیں سکھر ایئر پورٹ پر پہنچ گئیں، پاکستانی حکام نے خیرمقدم کیا۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امریکہ کی طرف سے امدادی سامان لانے والی دو پروازیں سکھر ایئر پورٹ پر پہنچنے سے ایسی پروازوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
پاکستانی حکام نے امدادی سامان بھجوانے پر اظہار تشکر کیا اور یہ سامان وصول کیا۔ واضح رہے کہ اب تک بیرون ملک سے کل 66 پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں جس میں امریکہ، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، چین، ازبکستان، قطر، فرانس، یونیسف، یو این ایچ سی آر، ترکمانستان، ورلڈ فوڈ پروگرام، اردن سے امدادی سامان بھجوایا گیا ہے اور پاکستانی حکام کے حوالہ کیا گیا ہے۔