امریکہ میں پاکستانی سفارتی مشنز اپنے قونصلر آپریشنز معمول کے اوقات کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں،ڈاکٹر اسد محمد خان

75

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد محمد خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتی مشنز اپنے قونصلر آپریشنز معمول کے اوقات کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ پاک۔امریکی کمیونٹی کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر قونصلر آپریشنز یا اوقات کار میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ اور قونصلیٹ جنرلز معمول کے اوقات کے مطابق پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کیلئے قونصلر آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ویب سائٹ www.nih.org.pk سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستانی سفارتی مشنز نے کورونا وائرس سے متعلق امور پر فوکل پرسنز بھی نامزد کر دیئے ہیں۔ ای ویزا کے حصول اور پاسپورٹ تجدید کیلئے آن لائن سہولیات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔