
اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی قوتوں کو شکست دےکر اقتصادی خوشحالی میں بڑی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیو جرسی میں پاکستان امریکن کونسل آف یو ایس اے کی جانب سے انکے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کے علاوہ مقامی سٹیٹ سینیٹرز،ارکان اسمبلی اور میئر نے بھی شرکت کی۔ سفیر اعزاز احمد چوہدری نے پاکستانی کمیونٹی پرزور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار جاری رکھیں۔سٹیٹ سنیٹرز سام تھامپسن(رپبلکن)،سنیٹر رے لیزنیک(ڈیموکریٹ) اور خاتون رکن اسمبلی نینسی پینکن نے امریکہ کی ترقی میں پاکستان تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔