امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 کروڑ25 لاکھ سے متجاوز

57
امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 کروڑ25 لاکھ سے متجاوز
امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 3 کروڑ25 لاکھ سے متجاوز

واشنگٹن۔21اپریل (اے پی پی):امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ25 لاکھ36 ہزارسے زیادہ ہوگئی ہے۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد5 لاکھ82 ہزارسے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد32536470 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد6848479 ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،

امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دیگر ملک سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک582456 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد30 لاکھ58ہزار سے تجاوزگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران بھی امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ25105535 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے امریکہ کی کیلیفورنیا، نیویارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستیں سخت متاثر ہوئی ہیں۔ امریکہ میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 21کروڑ15 لاکھ زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر امریکی شہریوں کو دنیا کے80 فیصد ممالک میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق محکمہ خارجہ نے کہا کہ عالمی وبا کے باعث سیاحوں کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔