واشنگٹن۔19مئی (اے پی پی):امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد3 کروڑ37 لاکھ74 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد6 لاکھ ایک ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں مہلک وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد33774945 اور 5920288 فعال متاثرین ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے،
امریکہ کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دیگر ملک سے زیادہ ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک601330 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد34 لاکھ19 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران بھی امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ27253327 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے امریکہ کی کیلیفورنیا، نیویارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستیں سخت متاثر ہوئی ہیں۔
امریکہ میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 27کروڑ44 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہامریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں81 فیصد کمی آئی ہے۔امریکی صدرجو بائیڈن پہلے ہی یہ کہ چکے ہیں کہ کورونا وبا شروع ہونے کے بعد پہلی بار ملک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں کمی ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ سال کے اوائل میں کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی طور پر چھ لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دنیا کے آٹھ ممالک ایسے ہیں جن میں کورونا وائرس سے ایک لاکھ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ان میں امریکہ کے علاوہ برازیل، بھارت، میکسیکو، فرانس، اٹلی، روس اور برطانیہ شامل ہیں۔