امریکہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے ذریعے مائننگ سیکٹر کو صنعتی ترقی، ہنرمند روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار اقتصادی نمو سے جوڑنے میں دلچسپی رکھتا ہے، نیٹلی بیکر

پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیرنیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے ذریعے مائننگ سیکٹر کو صنعتی ترقی، ہنرمند روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار اقتصادی نمو سے جوڑنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیرنیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے ذریعے مائننگ سیکٹر کو صنعتی ترقی، ہنرمند روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار اقتصادی نمو سے جوڑنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (نیوٹیک) ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔ نیوٹیک ہیڈکوارٹر پہنچنے پر چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد اور ادارے کے افسران نے قائم مقام امریکی سفیر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران نیٹلی بیکر نے نیوٹیک کے سینٹر آف ایکسیلینس کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں صنعت سے منسلک تربیتی ماڈلز، بین الاقوامی سرٹیفکیشن پروگرامز اور پاکستانی نوجوانوں کو عالمی روزگار کے مواقع سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر نیٹلی بیکر نے کہا کہ سائوتھ ڈکوٹا سکول آف مائنز اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین کے حالیہ دورے کے بعد پاکستان میں مائننگ اور صنعتی افرادی قوت کے شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف معدنیات کے حصول تک محدود نہیں بلکہ مہارتوں کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، حفاظتی نظام اور ادارہ جاتی استعداد بڑھانے پر بھی مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تانبے، سونے، اہم معدنیات، صنعتی معدنیات اور نایاب معدنی وسائل کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعاون کے ذریعے مائننگ سیکٹر کو صنعتی ترقی، ہنرمند روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار اقتصادی نمو سے جوڑنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔نیٹلی بیکر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مائننگ ورک فورس ڈویلپمنٹ اور صنعتی استعداد کے شعبوں میں تعاون مستقبل میں دونوں ممالک کے اقتصادی اور تکنیکی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد نے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی مسابقت صرف تعلیم پر نہیں بلکہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہم مہارتوں کو صنعت، ٹیکنالوجی اور عالمی منڈیوں سے کس حد تک موثر انداز میں جوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممالک کے درمیان افرادی قوت پر مبنی شراکت داریاں نئے سٹریٹجک اتحادیوں کی شکل اختیار کر رہی ہیں، ایسے میں ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کو امریکی ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید باصلاحیت بنایا جائے جس کے لیے ہم امریکی تعاون کے خواہشمند ہیں۔ قائم مقام امریکی سفیر نے نیوٹیک کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تکنیکی تعلیم، ہنرمندی اور ابھرتے صنعتی شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون، صنعتی ترقی اور بین الاقوامی روابط میں ہنرمندی اور افرادی قوت کی ترقی کو ایک اہم ستون کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔