امریکہ چین کے ساتھ بڑی تجارتی معاہدے کا خواہاں ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ وسیع البنیاد تجارتی معاہدے کو ترجیح دیں گے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بیان انہوں نے ایسے موقع پر دیا ہے جب دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان جمعرات کو تجارتی بات چیت شروع ہونے والی ہے ۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا آپ ایک جزوی معاہدے کو تسلیم کر لیں گے امریکی صدر کا کہنا تھاکہ میرا خیال ہے کہ ایک جامع معاہدہ کے لئے ہم نے بہتر کام کیا ہے۔ میں بڑے معاہدے کو زیادہ ترجیح دوں گا اور میرا خیال ہے کہ ہم اسی کی طرف جا رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہو سکتا ہے کہ بالکل ایسا نہ ہو کیونکہ یہ صرف میرا اندازہ ہے ۔ دوسری جانب یہ قیاس آرائیاں عام ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان دوریاں کم کرنے میں پیشرفت ہوئی ہے ، اس لئے ممکنہ طور پروہ ایک ایسے معاہدے تک پہنچ سکتے ہیں جس کے نتیجے میں واشنگٹن کی شکایات کا بڑی حد تک ازالہ ہوجائے گا۔