امریکہ کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 35 فیصد اضافہ ہواہے ،اشیا وخدمات کی برآمدات 9 ارب تک پہنچ گئی ہے، پاکستانی سفیرمسعودخان

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 35 فیصد اضافہ ہواہے اوراشیا وخدمات کی برآمدات 9 ارب تک پہنچ گئی ہے ۔ امریکا میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفیرنے بتایاکہ مالی سال 2022 میں امریکہ سے درآمدات گزشتہ سال کے 2.4 بلین ڈالر کے مقابلے میں 3 بلین ڈالر رہی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم گزشتہ سال کے 9.5 بلین ڈالر کے مقابلے میں 12 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہماری تجارت فاضل ہے اور امریکہ کو پاکستانی برآمدات کی متاثر کن نمو دنیا کے دیگرممالک کے مقابلہ میں بھی بہت بہتر ہے، امریکہ نے پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی کے طور پر اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔اگر برآمدات میں سالانہ 35 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوتا رہا تو اگلے تین سالوں میں مجموعی طور پر پاکستان امریکہ تجارتی حجم 20 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ امریکی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کی متاثر کن کارکردگی سے ملکی مارکیٹس اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہونا چاہئیے ۔

مسعود خان نے کہا کہ ہمیں جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ مارکیٹ کا اعتماد ہے۔پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی برآمدات میں 9 بلین ڈالر کے کل حجم میں سے اشیا 6.8 بلین ڈالر ہیں جب کہ آئی ٹی کی برآمدات سمیت خدمات کا حصہ 2.2 بلین ڈالر ہے۔ پاکستان نے امریکہ کو تقریبا 1.4 بلین ڈالر کی آئی ٹی مصنوعات برآمد کیں جبکہ جون 2022 کی آئی ٹی برآمدات کو شامل کرنا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان میں قائم ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس نے تقریبا 800 ملین ڈالر کمائے ہیں جن میں سے 60 فیصد کو بنیادی طور پر سان فرانسسکو میں واقع امریکی وینچر کیپیٹل فرموں نے فنڈز فراہم کئے ہیں ۔

کلینر پرکنز، ٹائیگر گلوبل اور سیکیا جیسی اعلی امریکی وینچر کیپیٹل فرموں نے پری سیڈ، سیڈ اور انکیوبیشن مراحل میں پاکستان کے کامیاب اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنا شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں پاکستان اور امریکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صحت زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔