واشنگٹن۔15نومبر (اے پی پی):امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر سے ملاقات کی ہے ، امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دو ایرانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی ارب پتی شخصیت ایلون مسک اور اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایراوانی کے درمیان ملاقات کو مثبت قرار دیا ہے۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ان کی بھرپور حمایت کے بعد امریکی سیاست میں ایلون مسک کے اثر رسوخ میں اضافہ ہو ا اور نومنتخب صدر نے ان کو اپنی انتظامیہ میں اہم کردار دینے کا اعلان کیا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ ایلون مسک اور ایرانی سفیر نے خفیہ مقام پر ایک گھنٹے سے زیادہ ملاقات کی۔ نہ تو ٹرمپ کی ٹیم اور نہ ہی اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ملاقات کی تصدیق کی ،تاہم ایرانی عہدیداروں کی طرف سے اس ملاقات کی تصدیق سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ سفارت کاری میں سنجیدہ ہیں۔
اپنے گزشتہ دور صدارت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام پر اپنے پیشرو باراک اوباما کے دور میں طے پانے والے معاہدے کو توڑ دیا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے ایران پر پابندیوں میں اضافہ کر کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی پر عمل کیا تھا ۔