امریکی ایئر لائن ساؤتھ ویسٹ کی پروازوں میں شدید گرمی سے کین پھٹنے کے واقعات میں اضافہ

138

واشنگٹن۔22جولائی (اے پی پی):امریکی ایئر لائن ساؤتھ ویسٹ کی پروازوں میں شدید گرمی سےکاربونیٹیڈ ڈرنک کین پھٹنے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس سے رواں سال موسم گرما کے دوران اب تک 20 ملازمین زخمی ہو چکے ہیں ۔ انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق ایئر لائن حکام نے کہا ہے کہ ان ملازمین میں سے کچھ کے ہاتھوں پر زخم آئے۔

ایئرلائن کے ترجمان نےبیان میں کہا کہ ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور طیاروں میں موجود مشروبات کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں خاص طور پر ہمارے ہوائی اڈوں پر جو انتہائی درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ گرم مقامات پر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں جس میں آسٹن، ڈلاس، ہیوسٹن، فینکس، لاس ویگاس اور سیکرامنٹو شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہ موسم بہار اور موسم گرما میں اپنے ملازمین کو اس حوالے سے آگاہ کرتے رہے ہیں اور حکام نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔

اس بات کا امکان ہے کہ یہ مسئلہ شدید گرم موسم کے دوران ایئرلائن طیاروں میں مشروبات کو سٹور اور لوڈ کرنے کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ ایئر لائنز عام طور پرجلد خراب ہونے والی خوردنی اشیا سٹور نہیں کرتیں اور اس کے نتیجے میں مشروبات اور (پیکیجڈ) فوڈ (جن کا خراب ہونے کا امکان نہیں ہوتا) کو لانے کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کیٹرنگ ٹرک استعمال نہیں کرتیں۔ اس وجہ سے مشروبات باہر کے درجہ حرارت میں زیادہ دیر رہتے ہیں۔

سی بی ایس نیوز نے 12 جولائی کو فلائٹ اٹینڈنٹ کو بھیجی گئی ای میل حاصل کی جس کا عنوان تھا ’ہاٹ اینڈ برسٹنگ کین: پروویژننگ پروسیجرل چینجیز‘ اور ای میل میں لکھا تھا کہ گرم کین کے پھٹنے جیسے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ مزید برآں ایئر لائن نے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بہت زیادہ گرم کین نہ کھولیں یا وہ جو گرمی کی وجہ سے خراب ہو جائیں۔ ایئر لائن نے کین کے درجہ حرارت کا تعین کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔ اگر ان کا درجہ حرارت 98 ڈگری سے اوپر ہے تو انہیں سٹور میں واپس بھجوا دیا جائے گا۔