امریکی بزنس کمیونٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند، ہر ممکن سہولت دیں گے،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

125
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ امریکہ سے بزنس کمیونٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، ہر ممکن سہولت دیں گے، ہزاروں پاکستانی امریکہ میں رہائش پذیر ہیں، زرمبادلہ پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں کیا۔ عبدالعلیم خان اور ڈونلڈ بلوم کے مابین پاکستان اور امریکہ کے باہمی دیرینہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے امریکی سفیر سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی کاوشوں پر گفتگو کی ۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز میں ہی کئی مواقع بھی میسر ہیں،شاہراہوں اور موٹرویز میں بڑے پیمانے پر بہتری لانا چاہتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے امریکی سفیرڈونلڈ بلوم سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کی ،وفاقی وزیر اور امریکی سفیر نے ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہارکیاجبکہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکی بزنس گروپس کی طرف سے پاکستان میں انویسٹمنٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔