امریکی سفیر کا دورہ سیلاب متاثرہ جیکب آباد،نوتعمیر شدہ سکول کا افتتاح کیا

140
امریکی سفیر کا دورہ سیلاب متاثرہ جیکب آباد،نوتعمیر شدہ سکول کا افتتاح کیا

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب سے بچے اور سکول خاص طور پر شدید متاثر ہوئے، گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد سے میرا سندھ کا یہ چوتھا دورہ ہے، امریکا ابھی تک (بعد از سیلاب بحالی کیلئے) یہاں موجود ہے، ہم یہاں ترقی اور خوشحالی کیلئے آپ کے وژن میں معاونت کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ امریکی سفارت خانے سے منگل کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول آدم خان پنہور جیکب آباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے افتتاحی تقریب میں شمولیت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ یوایس ایڈ کے سندھ بنیادی تعلیم پروگرام کی اعانت سے تعمیر ہونے والایہ 100واں سکول ہے، اس پروگرام کا مقصد عوام کو معیاری تعلیم کے حصول تک رسائی فراہم کرنے کیلئے جیکب آباد سمیت صوبہ سندھ کے دس اضلاع میں 106 جدید سکولوں کا قیام ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سکول ایک ایسی سہولت ہے جو نہ صرف بحالی بلکہ تعمیر نو کیلئے سندھ کےساتھ ہمارے اشتراک کی غماز ہے، یہ سکول سے بڑھ کر بھی کچھ ہے، یہ ضرورت کے وقت مقامی آبادی کیلئے سیلاب سے پناہ گاہ کا کام دے گا، اس کے علاوہ یہ والدین اور مقامی آبادی کے باہمی روابط کیلئے ایک پلیٹ فارم بھی ہے، سکول میں کمپیوٹر، سائنس لیبارٹری اور فرنیچر سے آراستہ نئے کلاس روم جیسی جدید سہو لیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے قائم کیے جانے والے یہ ایک سو چھ سکول 2024تک 80 ہزار سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے، اور ان تمام سکولوں کی بنیاد اسی ماڈل پر رکھی گئی ہے۔

امریکی سفیر نے گرم جوش استقبال اور مہمان نوازی پر صدر مدرس ، اساتذہ اور طالب علموں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں شراکت داری، رہنمائی اور معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے وزیر تعلیم سندھ اور سکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی مخلصانہ کوششوں پر ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے ادارے کے قیام کو ممکن بنانے والے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ وسیع تر آبادی کی اجتماعی بھلائی کی خاطر اس نئے ادارے کو بروئے کار لائیں۔