امریکی سیکشن 301 کی تحقیقات عالمی اقتصادی نظام کے لئے شدید نقصان کا باعث ہیں، امریکا غلط طرز عمل کو فوری درست کرے، چینی وزارت تجارت

چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ امریکی سیکشن 301 کی تحقیقات عالمی اقتصادی نظام کے لئے شدید نقصان کا باعث ہیں۔ سی جی ٹی این کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے کے دفترنے اعلان کیا ہے کہ وہ ’’جبری مشقت سے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد پر پابندی نہ لگانے‘‘ کی بنیاد پر چین سمیت 60 معیشتوں کے خلاف سیکشن 301 کی تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔

بیجنگ۔16مارچ (اے پی پی):چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ امریکی سیکشن 301 کی تحقیقات عالمی اقتصادی نظام کے لئے شدید نقصان کا باعث ہیں۔ سی جی ٹی این کے مطابق امریکی تجارتی نمائندے کے دفترنے اعلان کیا ہے کہ وہ ’’جبری مشقت سے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد پر پابندی نہ لگانے‘‘ کی بنیاد پر چین سمیت 60 معیشتوں کے خلاف سیکشن 301 کی تحقیقات کا آغاز کر رہا ہے۔ چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ چین نے ہمیشہ جبری مشقت کی مخالفت کی ہے بلکہ چین انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے بانی ارکان میں سے ایک ہے۔ امریکا نے آج تک 1930 کے جبری مشقت کے کنونشن کی توثیق نہیں کی لیکن طویل عرصے سے "جبری مشقت” کے معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دفعہ امریکا نے ایک بار پھر سیکشن 301 کی تحقیقات کا غلط استعمال کرکے اپنے ملکی قانون کو بین الاقوامی قوانین سے بالاتر رکھا ہے اور بین الاقوامی اقتصادی و تجارتی نظام کو سنگین طور پر متاثر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین اور امریکا کے مابین اس وقت پیرس میں تجارتی مذاکرات کا نیا دور جاری ہے اور چین نے اس معاملے پر امریکی فریق سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنے غلط طرز عمل کو درست کرے اور بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرے، چین اپنے جائز حقوق و مفادات کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

 

مزید خبریں