امریکی صدربائیڈن کا محمودعباس سے پہلا رابطہ،غزہ، اسرائیل تنازع کے خاتمہ پرزور

77

غزہ ۔16مئی (اے پی پی):امریکی صدرجوبائیڈن نے اسرائیل اور غزہ کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے اور اس دیرینہ تنازع کے دوریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔وہ فلسطینی صدرمحمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے۔ان کا جنوری میں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد فلسطینی صدر سے یہ پہلا رابطہ ہے۔

انھوں نے غزہ پر اسرائیلی فوج کی تباہ کن بمباری اور اسرائیلی علاقوں پر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے راکٹ حملوں کے تناظرمیں تبادلہ خیال کیا ہے۔فلسطینی خبررساں ایجنسی وفا کے مطابق جوبائیڈن نے صدر محمود عباس کو بتایا ہے کہ امریکا خطے میں تشدد میں کمی کے لیے متعلقہ فریقوں سے بات چیت کررہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا مشرقی القدس (یروشلیم) کے علاقے شیخ جرّاح سے فلسطینیوں کی (جبری) بے دخلی کا مخالف ہے۔

واضح رہے کہ شیخ جرّاح سے عرب خاندانوں کی جبری بے دخلی ہی اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کا سبب بنی ہے۔اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے ایک عدالت کے حکم پر ان فلسطینیوں کو ان کے آبائی مکانوں سے بے دخل کرنے کاعمل شروع کیا تھا۔

اس کے ردِّعمل میں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں ان مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔اسرائیل ایک مرتبہ پھرغزہ پراپنی مسلح جارجیت کو حماس کے خلاف جنگ کا نام دے رہا ہے جبکہ اس کے لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ بمباری اور میزائل حملوں میں عام فلسطینی کام آرہے ہیں۔