امریکی صدر جو بائیڈن کا ڈیموکریٹس سے کملا ہیرس کی حمایت پر زور

160
Joe Biden

واشنگٹن ۔23جولائی (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ صدارتی دوڑ سے ان کی دست برداری درست فیصلہ ہے، انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات کے لیےنائب صدر کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی حمایت کریں۔ العربیہ اردو کے مطابق امریکی صدر نے گزشتہ روز اپنی انتخابی مہم کی ٹیم سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو کہنا چاہتے ہیں کہ وہ کملا ہیرس کوسپورٹ کریں کیونکہ وہ بہترین ہے۔

انہوں نے صدراتی دوڑ سے اپنی دست برداری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ خبر اچانک تھی اور اس کا سننا آپ لوگوں پر گراں گزرا لیکن یہ درست فیصلہ تھا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان کی مدت صدارت کے آخری مہینوں کے دوران غزہ میں جنگ ختم کرانے، مشرق وسطی میں امن کو یقینی بنانے اور تمام قیدیوں کی ان کے ممالک کو واپسی کے لیے کام جاری رہے گا۔ دوسری جانب کملا ہیرس نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے صدر جو بائیڈن کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے ایسی میراث چھوڑی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔