امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاﺅس میں گفتگو

87

واشنگٹن ۔ 22 جولائی (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مجھ پر زور دیا ہے کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں پرانے کشمیر تنازعہ کے حل کیلئے ثالتی کا کردار ادا کروں اور میں ایسا کرنے کیلئے تیار ہوں۔ وائٹ ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دراصل (مودی) نے مجھے کہا کہ کیا آپ ثالث بننا چاہیں گے؟ میں نے (ٹرمپ) نے کہا کہاں؟ انہوں نے کہا کشمیر پر‘ کیونکہ یہ تنازعہ سالوں سے چلا آ رہا ہے۔ پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی میزبانی کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ اگر میں مدد کر سکتا ہوں تو مجھے ثالث بننا پسند ہوگا۔ ایک بیان کے مطابق امریکہ چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر دو طرفہ طور پر حل ہونا چاہیئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کشمیر مسئلہ پر ثالثی کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدر ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر کا حل کراتے ہیں تو قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہوں گی۔ صدر ٹرمپ نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ثالث کا کردار ادا کرنے پر خوشی ہوگی۔