امریکی صدر کا جے کلیٹن کو مصنوعی ذہانت کا نیا سربراہ مقرر کرنے پر غور

امریکی صدر کا جے کلیٹن کو مصنوعی ذہانت کا نیا سربراہ مقرر کرنے پر غور

واشنگٹن ۔3اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے نئے سربراہ کے طور پر ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن کو مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شنہوا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ جے کلیٹن کو اے آئی سربراہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے عہدے پر برقرار رکھنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جے کلیٹن وائٹ ہاؤس کے لیے اے آئی سربراہ کے عہدے کے ممکنہ امیدوار ہیں۔کئی دیگر امریکی میڈیا اداروں نے بھی جمعہ کو رپورٹ کیا کہ صدر ٹرمپ جے کلیٹن کو اس عہدے کے لیے منتخب کرنے والے ہیں، تاہم وائٹ ہاؤس نے تاحال تقرری کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ اہلکاروں سے متعلق کسی بھی تقرری کا اعلان براہ راست صدر کریں گے۔ٹرمپ نے 19 ستمبر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر اعلان کیا تھا کہ وہ ’’اے آئی فورس‘‘ تشکیل دے رہے ہیں اور مستقبل قریب میں مصنوعی ذہانت کے لیے ایک ’’اے آئی زار‘‘ کا اعلان کریں گے۔

جے کلیٹن کو رواں سال جولائی میں امریکی سینیٹ نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے عہدے کی توثیق کی تھی۔ وہ اس سے قبل نیویارک کے جنوبی ضلع کے امریکی اٹارنی اور امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔